26 نومبر 2026 - 01:57
ایران پر حملہ ترکیہ کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہے، ترک رہنما

ترکیہ کی وطن پارٹی کے رہنما نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران پر حملہ ترکیہ کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔ انھوں نے امریکی-اسرائیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ایران، ترکیہ، روس اور چین کے درمیان اسٹریٹجک اتحاد قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ترکیہ کی وطن پارٹی کے رہنما، دوغو پیرینچیک (Doğu Perinçek) نے ایران پر امریکہ کے ممکنہ حملے کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے انقرہ سے فعال سفارت کاری اختیار کرنے اور امریکی-اسرائیلی خطرات سے نمٹنے کے لئے ایران، ترکیہ، روس اور چین کے درمیان اسٹریٹجک اتحاد قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

پیرینچیک نے وطن پارٹی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ کو خطے میں ایک بڑی جنگ بھڑکانے کا اصل ذمہ دار قرار دیا اور زور دیا کہ ایران پر حملہ فلسطین، لبنان، یمن، روس، چین اور ترکیہ پر حملے کے مترادف ہوگا۔

ایران پر امریکی حملہ روکنا ترکیہ کی قومی سلامتی کا مسئلہ ہے

ترکیہ کی وطن پارٹی کے رہنما نے کہا: امریکی-اسرائیلی محاذ ترکیہ کے خلاف خطرات کا اصل مرکز ہے، مشرقی بحیرہ روم میں امریکہ، اسرائیل اور یونان کی مشترکہ مشقوں اور قبرص اور بحیرہ ایجیئن میں فوجی امریکی فوجوں کی وسیع تعیناتی ترکیہ کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

انھوں نے عمومی تصور کے برعکس، یوکرین کو ترکیہ کا دشمن قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ یوکرین مذکورہ محاذ سے آہنگ ہوکر بحیرہ اسود میں ترکیہ کے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

پیرینچیک نے زور دیا کہ ایسے حالات میں ایران پر امریکہ حملہ روکنا، ترکیہ کے لئے بھی ایک فوری اور قومی مسئلہ ہے۔

اردوان حکومت کی خارجہ پالیسی پر تنقید

وطن پارٹی کے رہنما نے ایران کے بارے میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے موقف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے بہادری سے مزاحمت کی ہے اور یہ ترکیہ کی وزارت خارجہ کا مسئلہ ہے جو حالات کا صحیح اندازہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔

انھوں نے علاقائی صورت حال کے بارے میں اردوان حکومت کی پالیسی کو "تاریخی غلطی" قرار دیا اور کہا کہ ترکیہ کو اس بھیانک خطرے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

چار تہذیبوں کے اتحاد کی تجویز

پیرینچیک نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ کو ایران کے خلاف خطرات کے سامنے غیر جانبدار نہیں رہنا چاہئے، اور انقرہ کو فعال سفارت کاری اختیار کرکے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرنا چاہئے۔

انھوں نے ترکیہ، روس، چین اور ایران پر مشتمل "چار تہذیبوں کے اتحاد" قائم کرنے کی تجویز دی اور اس فیصلے کو امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت روکنے کے لئے بہترین اور تزویراتی فیصلہ قرار دیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha